بنگلورو،5/جنوری(ایس او نیوز) شہر کے پلکیشی نگر علاقے میں آنے والے کلیولینڈ ٹاؤن بی بی ایم پی فرسٹ گریڈ کالج کی طالبہ رحمت النساء نے اپنے شاندار تعلیمی مظاہرے سے نہ صرف اپنے والدین کا بلکہ پورے شہر اور خاص طور پر شہر کی بلدی ادارے بی بی ایم پی کانام بلندیوں تک پہنچادیا ہے- شروع سے ہی امتیازی نمبرات سے کامیاب مظاہرہ کرنے والی طالبہ رحمت النساء نے بی کام ڈگری کے امتحان میں بنگلورو یونیورسٹی میں ٹاپر کا مقام حاصل کیا ہے 91.87فیصد نمبر لے کریہ طالبہ یونیورسٹی سطح کی ٹاپر بن گئی- رحمت النساء کے اس شاندار مظاہرے پر ریاستی وزیر تعلیم سریش کما ر نے مبارکباد دیتے ہوئے مکتوب روانہ کیا ہے جبکہ اس مظاہرے کے لئے بی بی ایم پی کمشنر انیل کمار نے رحمت النساء کو تہنیت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس کالج کے انفراسٹرکچر کو سدھارنے کا بھی اعلا ن کیا- رحمت النساء اپنے خاندان کی پہلی گریجویٹ ہے-رحمت النساء نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے ناگوارکے سرکاری اسکول میں جہاں وہ زیر تعلیم تھی وہاں بھی ٹاپر رہی- رحمت النساء کے سر سے والد کا سایہ اسی وقت اٹھ گیا جب وہ صرف چار سال کی تھی -والدہ اور بھائی نے اس کی تعلیم کا ذمہ لیا ان کے مکان کا ایک حصہ کرایہ پر دیدیا گیا جس سے ماہانہ 4ہزار روپے کا کرایہ ملتا اور وہی گزر بسر کا ذریعہ بھی رہا -دو بہنوں نے ایس ایس ایل سی کے بعد ہی اپنی تعلیم کے سفر کو ادھورا چھوڑ دیا- لیکن رحمت نے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھا- رحمت النسا ء کی کامیابی پر جہاں بی بی ایم پی نے تہنیت پیش کی وہیں پلکیشی نگر وارڈ کے کارپوریٹر اے آر ذاکر نے اس کامیابی پر رحمت النساء کو اپنی طرف سے ایک آئی پیڈ تحفے میں دیا- اس موقع پر کالج کے پرنسپل آنند اور دیگر موجود تھے-